جامعہ کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط


بلدیہ عظمیٰ کراچی کا جامعہ کراچی کو دس بسوں کا تحفہ

جامعہ کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہفتہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جامعہ کراچی کو10 بسیں فراہم کی گئیں جو جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے استعمال کی جائیں گی۔


اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ ملکی ترقی اور معاشرتی مسائل کے حل کے لئے اکیڈیمیاء سے اشتراک ناگزیرہے،جامعات ہی معرکتہ الارا کام کرتی ہیں، دنیا بھر میں جامعات کے پروفیسرز ہی پالیسی میکرز ہوتے ہیں اور مجھے جامعہ کراچی کا سابق طالبعلم ہونے پر فخر ہے کیونکہ جامعہ کراچی ہم سب کا فخرہے، اکیڈیمیاء سے اشتراک کئے بغیر پائیدار ترقی کا حصول ممکن نہیں۔جامعات کا کام معاشرے کو درپیش مسائل کے حل اورترقی کے لئے حکومت کو سفارشات مرتب کرکے دینا ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ نامساعد مالی حالات کے باوجود جامعہ کراچی تدریس وتحقیق کے میدان نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں جولائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔ڈاکٹر سیف الرحمن نے جامعہ کراچی کو غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔


جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعات عام طور پر تخلیقی جدت پسندی، ایجاد واختراع اورنئی تحقیق کا مرکز ہوتی ہیں۔ہمارے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیت اور جدت سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی قابلیت کی کمی نہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ان نوجوانوں کو کبھی بھی ایسی سہولیات ہی میسر نہیں آسکیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منواسکیں۔شیخ الجامعہ نے مزیدکہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ جب کوئی جامعہ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتاہے اور بالخصوص جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباوطالبات جب جامعہ کراچی کی تعمیر وترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں تو وہ اپنی مادرعلمی سے محبت کا ثبو ت دیتے ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے ڈاکٹر سیف الرحمن کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ کے بغیر جامعہ کو مذکورہ بسیں ملنا ممکن نہیں تھا،وہ ہمیشہ سے جامعہ سے تعاون کرتے آرہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔

تقریب میں مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،سابق صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر،صدرشعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر باسط انصاری،ڈاکٹر معیز خان،ڈاکٹر قدیر محمد علی،ڈاکٹر محمد حسان اوج،محمد اختر،صدرآفیسرزویلفیئرایسوسی ایشن جامعہ کراچی محمد فرید صدیقی اور ایسوسی ایشن کے دیگر تمام عہدیداران بھی موجودتھے۔